بلوچستان اسمبلی میں تمپ اور مند پر مشتمل نیا ضلع، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ سے متعلق مشترکہ قرار دادیں منظور
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں تمپ اور مند پر مشتمل نیا ضلع بنانے کے حوالے سے مشترکہ قرار داد منظور کرلی گئی۔ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کا از سرنو جائزہ لینے کے حوالے سے متعلق مشترکہ قرار داد بھی بلوچستان اسمبلی سے منظور کرلی گئی۔ اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ معدنیات پر اٹھارویں ترمیم سے پہلے بھی صوبوں کا حق تھا، ساحل اور وسائل کے علاوہ ہمارے پاس کچھ بھی نہیں۔ تمپ اور مند پر مشتمل نیا ضلع بنایا جائے، نئے اضلاع کو ایک ترکیب کے تحت بنائیں۔ اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ نئے اضلاع کو سیاسی بنیادی پر نہ بنائیں، کوئٹہ کے بعد گوادر کو میٹرو کارپوریشن بنایا جائے ۔ اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اصغر ترین نے کہا کہ کوئی اقتدار میں آتا ہے تو پہلے اپنے علاقے کو ضلع بنا دیتے ہیں، بلوچ بیلٹ اور کوئٹہ میں بھی تین اضلاع بننے چاہیے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے عملدرآمد روک چکے ہیں مثبت کام کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔


