عالمی برادری غزہ کے شہریوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف آواز بلند کرے، جے یو آئی تربت

تربت (انتخاب نیوز) غزہ کے نہتے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف جمعیت علماءاسلام ضلع کیچ کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی و مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کا آغاز مسجد اللہ والی سے کیا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی شہید فدا چوک پر ایک بڑے جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ احتجاجی جلسے سے جمعیت علماءاسلام کیچ کے امیر مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی، جنرل سیکرٹری مولانا جاوید نعمانی، نائب امیر مولانا ابو الحسن، اور سرپرست اعلیٰ مولانا الیاس دلاواری نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا شفیق الرحمن نے انجام دیئے۔ مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کے شہریوں پر اسرائیلی جارحیت انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اسرائیل نے بچوں، خواتین، بزرگوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنا کر انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ صہیونیت اب اپنے انجام کے قریب ہے، کیونکہ ظلم کبھی باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے چالیس اتحادی ممالک کے ساتھ افغانستان پر جارحیت کی، مگر اسلام کے مجاہدین کے سامنے انہیں دم دبا کر بھاگنا پڑا۔ آج اسرائیل کا بھی وہی انجام ہوگا، کیونکہ حق ہمیشہ غالب آتا ہے۔ جلسے کے دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہوکر قبلہ اول کے دفاع کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے او آئی سی اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف فوری اور مو¿ثر اقدامات کریں۔ شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مردہ باد، امریکہ مردہ باد، اور فلسطین زندہ باد کے نعرے درج تھے۔ فضا غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ احتجاجی ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی، اور شرکاءنے فلسطینی عوام کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ظلم سے نجات عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں