ماریا کورینا مچادو نے امن کا نوبیل انعام وینزویلا کے عوام اور ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کردیا
کراچی (ویب ڈیسک) وینزویلا کی جمہوریت پسند اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچادو نے امن کا نوبیل انعام وینزویلا کے عوام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کردیا۔ ماریا کوریا مچادو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انگریزی میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وینزویلا کے تمام عوام کی جدوجہد کا اعتراف ہے، یہ ہماری مہم کو اس کے آخری مرحلے، یعنی آزادی تک پہنچانے کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فتح کی دہلیز پر کھڑے ہیں، اور آج پہلے سے کہیں زیادہ، ہمیں صدر ٹرمپ، امریکا کے عوام، لاطینی امریکا کی اقوام اور دنیا کی جمہوری ریاستوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، جو آزادی اور جمہوریت کے قیام کے لیے ہمارے اصل اتحادی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ انعام وینزویلا کے مصیبت زدہ عوام اور صدر ٹرمپ کے نام کرتی ہوں جنہوں نے ہماری جدوجہد میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔


