ٹرین سروس کی بندش، کوئٹہ سے دیگر شہروں کو جانیوالی مسافر وینوں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ٹرین سروس کی بندش کے بعد کوئٹہ سے مختلف شہروں کو جانے والی مسافر وینوں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی وینوں کا کرایہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر بارہ سو روپے کردیا گیا ہے، جب کہ بڑی وینوں کے کرائے 1300 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ عام وینوں میں چھت پر سفر کرنے کا کرایہ بھی 1000 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، اس کے باوجود کرایوں میں بے جا اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھت پر سفر انتہائی خطرناک ہے، اس دوران کئی افراد گر کر زخمی یا جاں بحق ہو چکے ہیں۔مسافروں نے شکایت کی کہ وین مالکان اور عملہ مسافروں کے ساتھ انتہائی بداخلاقی سے پیش آتے ہیں۔ موسٰی کالونی اسٹاپ سے مسافروں کو ایک ہزار روپے کرایہ لے کر بٹھایا جاتا ہے، لیکن گاہی خان چوک پر زیادہ کرایہ دینے والے مسافروں کو سوار کرنے کے لیے پہلے سے بیٹھے ہوئے مسافروں کو زبردستی اتار دیا جاتا ہے۔ عوام نے ایس ایس پی ٹریفک، وزیر ٹرانسپورٹ حاجی لیاقت لہڑی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ کا تعلق خود ٹرانسپورٹر طبقے سے ہے، اس لیے انہیں ہٹا کر کسی غیر جانب دار نمائندے کو یہ ذمہ داری دی جائے تاکہ عوامی مفاد میں شفاف اقدامات ممکن ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں