کراچی میں اسٹیل مل کے مزدوروں کا احتجاج، پولیس نے مزدور رہنما کے ایک سالہ بچہ کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا

کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں ملیر تھانہ اسٹیل ٹاﺅن پولیس کا انوکھا کارنامہ سامنے آگیا، مزدوروں کے احتجاج کے معاملے میں صرف مزدور نہیں بلکہ ایک سالہ بچہ بھی ملزم بن گیا۔ پاکستان اسٹیل مل کے مزدوروں نے دو روز قبل گیسٹ ہاﺅس کے سامنے پانی، گیس کی بندش اور برطرف مزدوروں کی بحالی کے لیے احتجاج کیا تھا۔ احتجاج کے بعد اسٹیل مل کے سیکورٹی افسر کی مدعیت میں 50 مزدوروں کے خلاف مقدمہ اسٹیل ٹاﺅن تھانے میں درج کیا گیا۔ حیران کن طور پر، مقدمے میں مزدور رہنما اللہ رکھیو زرداری کے ایک سالہ بیٹے حماد زرداری کا نام بھی شامل کرلیا گیا۔ پولیس کی اس کارروائی نے شہریوں اور مزدور تنظیموں میں شدید غم و غصہ پیدا کردیا ہے۔ مزدور رہنما اللہ رکھیو زرداری نے الزام عائد کیا کہ یہ مقدمات مزدوروں کو دبانے اور ان کی آواز خاموش کرنے کی کوشش ہے مگر ہم اپنے حقوق کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے۔ سماجی حلقوں میں اس معاملے کو پولیس کی نااہلی اور انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایک سالہ بچے پر مقدمہ درج کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں