سیاسی جمہوری جماعتوں کو 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کی مکمل مخالفت کرنا چاہیے، ڈاکٹر مالک

کوئٹہ( آئی این پی )نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 18آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کی مضبوطی و دفاع کے متعلق گفتگو کو نہایت مثبت اور سنجیدہ قراد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری و متفقہ ترمیمات و اصلاحات وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی اور قومی اکائیوں کی سیاسی و معاشی استحکام کی بنیاد اور علامت ہے۔جو جمہوری سیاسی قوتوں کی طویل جمہوری جدوجہد و سنجیدہ سیاسی عمل کے مرہون منت ہے۔تمام سیاسی جمہوری جماعتوں کو 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کی مکمل مخالفت کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ نے قومی اکائیوں کو با اختیار بنایا و اکائیوں کے درمیان اعتماد کو بروئے کار لایا۔ 18ویں آئینی ترمیم نے قومی اکائیوں کی سیاسی و معاشی حقوق کو تحفظ فراہم کیا۔جو چارٹر آف ڈیموکریسی کی بنیادی حصہ ہیں جن پر سیاسی جماعتوں کی اجتماعی بصیرت، مفاہمت اور طویل سیاسی جمہوری جدوجہد کا تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے ایسے میں تمام جمہوری قوتیں ائین کی حکمرانی پارلیمان کی بالادستی صوبوں کی خود مختیاری اور 18ویں ترمیم کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔نیشنل پارٹی صوبوں کے قومی آئینی حقوق اور وسائل پر اختیار کی وکالت ہر فورم پر کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں