این اے 251 پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ جانبدارنہ، مولانا سید سمیع الدین کے انتخاب کو متنازع بنایا جارہا ہے، غفور حیدری

اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان کے حلقے این اے 251 کے 22 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے فیصلے کو جانبدارانہ قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ این اے 251 کے بائیس پولنگ اسٹیشنز پر دو بارہ الیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے منتخب امیدوار مولانا سید سمیع الدین کے انتخاب کو متنازع بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 22 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ الیکشن کرنے کا اعلان کیا ہے جو ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک جانبدارانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ 251 حلقہ ژوب، قلعہ سیف اللہ جمعیت علما اسلام کا ہی حلقہ ہے اور رہے گا، یہاں ہمیشہ جمعیت علما اسلام کے نامزد امیدوار جیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے تمام تر ناجائز حربوں کے باوجود جیت مولانا سمیع الدین کی ہوگی۔ انہوں نے حلقہ کے تمام عوام اور بالخصوص جمعیت علما اسلام کے کارکنوں سے پرزور درخواست کی ہے کہ 18 دسمبر کو اپنے گھروں سے قافلوں کی صورت میں پولنگ اسٹیشنز پر پہنچیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ بروقت اپنا ووٹ کاسٹ کرکے پولنگ کے نتائج تک پولنگ اسٹیشنز پر موجود رہیں اور پولنگ کے نتائج وصول کریں۔ انہوں نے کہاکہ ان شاءاللہ جمعیت علما اسلام پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے