نئی دہلی اور کابل پاکستان کے خلاف ایک پیج پر ہیں، وزیر دفاع

ویب ڈیسک : وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئی دہلی اور کابل پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ایک پیج پر ہیں، کابل دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں جب کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد افغانی ملوث ہیں، اگر کابل امن کی ضمانت نہیں دیتا تو نئی کارروائیوں سے نہیں ہچکچائیں گے۔جمعے کو اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی سے کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں ہورہی، ہوسکتا ہے سہولتوں سے متعلق لوگوں نے اپروچ کیا ہو، پی ٹی آئی کی ان باتوں کا مقصد آسرا دینا ہوتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ امریکا کامیاب رہا، غزہ پیس آف بورڈ میں مسلم ممالک کی شرکت کے مثبت نتائج نکلیں گے، بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کی پذیرائی ہوئی، پاکستان کو اقوام متحدہ کے امن مشنز میں وسیع تجربہ حاصل ہے، دیکھتے ہیں غزہ امن فورس کے لیے کس قسم کی شرائط کا مسودہ تیار کیا جاتا ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملے بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ ہے، نئی دہلی اور کابل پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ایک پیج پر ہیں، کابل دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں جب کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد افغانی ملوث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اگر کابل امن کی ضمانت نہیں دیتا تو نئی کارروائیوں سے ہچکچائیں گے نہیں، اسلام اباد دھماکے سمیت کئی حملوں کے پیچھے بیرونی ہاتھ کار فرما ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں