اختر حسین لانگو کا محکمہ واسا میںبے قاعدگیوں کے خلاف عدالت جانے کااعلان
کوئٹہ:پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو نے محکمہ واسا میں ہونے والے آرڈرز میں بے قاعدگیوں کے خلاف عدالت جانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی کو اقربا پروری کی اجازت نہیں دے سکتے ،محکمہ واسا کوئٹہ کی خالی پوسٹوں پر دوسرے علاقوں کے لوگوں کی تعیناتیاں کی گئی ہے ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں اختر حسین لانگو نے کہاکہ واٹراینڈ سنی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کوئٹہ میں مختلف پوسٹوں پر 100سے زائد تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہے جن کا تعلق کوئٹہ شہر سے باہر کے علاقوں کا ہے اقربا پروری کے تحت کسی بھی تعیناتی کو قبول نہیں کرینگے ،دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کی واسا کوئٹہ میں تعیناتیاں یہاں کے لوگوں کے حق پر ڈاکہ ہے ،کوئٹہ کے بے روزگار لوگوں سے روزگار چھیننے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے ،انہوں نے کہاکہ بہت جلد اس حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ جائیںگے ،انہوں نے کہاکہ آرڈرز میں بے قاعدگیوں کی صوبائی حکومت کے اس عوام دشمن فیصلے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرینگے ،صوبائی حکومت نے اقربا پروری کو فروغ دیاہے ،تعمیراتی منصوبے ہو یا پھر محکموں میں خالی آسامیاں ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے حقوق پر سودے بازی کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی ،اپوزیشن عوام دوست کرداراداکرتے ہوئے عوام دشمنی پر مبنی اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی


