پاکستان کو تباہ کرنے کی ذمہ دار (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں، وفاقی وزیر شبلی فراز
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو پاکستان کی تباہی کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے انھیں رد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ کسی اور ملک میں رہتے تھے۔ شہباز شریف نے جن مسائل کی بات کی، ان کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا، مال بنانا تھا۔ انہوں نے مال بنانے کیلئے ہر ادارے کو کمزور کیا۔ شہباز شریف کے منہ سے اشرافیہ کا نام سنا تو ہنسی آگئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے مہنگی بجلی کے معاہدے انہوں نے ہی کیے تھے۔ مہنگے معاہدے کرکے کک بیکس لی گئیں۔ آئی پی پیز سے معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔ ہم نے سستی بجلی کی ابتدا کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ڈالر کی قدر مصنوعی طریقے سے برقرار رکھی گئی۔ انہوں نے ہر وہ کام کیا جس سے انہیں فائدہ ملے۔ سابق حکومت نے عوام کا خون چوسا۔


