کراچی میں موسلا دھار بارش، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے، شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کمشنر

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال جس کے پیشِ نظر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح ہونے والی طوفانی بارش کے بعد کئی مقامات پر سڑکیں زیرِ آب آگئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گھروں تک پہنچنا دشوار ہوگیا ہے۔ شارعِ فیصل پر نرسری کے مقام پر پانی جمع ہونے سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ بارش کے باعث شہر میں کئی عمارتوں کے بیسمنٹ پانی سے بھر گئے جب کہ مختلف مقامات پر سڑکیں دھنسنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرومندر، گارڈن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستانِ جوہر، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی اور لانڈھی میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران بجلی کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کےتحت بجلی بند کی گئی ہے جب کہ متعدد مقامات پر بارش کے دوران تاریں ٹوٹنے اور پی ایم ٹیز خراب ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں نیو کراچی، سرجانی ٹاو¿ن، اورنگی ٹاو¿ن، گارڈن، کورنگی، اسکیم 33، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، ملیر، شیر شاہ، بلدیہ ٹاو¿ن اور مواچھ گوٹھ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ کمشنر کراچی نے پانی کی نکاسی اور ٹریفک کی بحالی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے زیرِ نگرانی واٹر کارپوریشن، ٹاو¿ن ایڈمنسٹریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے اور مشینری کو متحرک کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں