بلوچستان اور ایرانی سرحد پر رہنے والوں کے خاندانی اور سماجی روابط ہیں، آمد و رفت کیلئے راہداری نظام برقرار رکھا جائے، حمل کلمتی
گوادر (بیورو رپورٹ) بی این پی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر فشریز حمل کلمتی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ظہور بلیدی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ضلع گوادر کے مجموعی مسائل اور عوامی ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ حمل کلمتی نے خاص طور پر گوادر اور ایران بارڈر سے جڑے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کا علاقہ ایران کے ساتھ ملحق ہے اور سرحد کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے درمیان قریبی خاندانی اور سماجی روابط موجود ہیں۔ انہوں نے حالیہ فیصلے کے تحت راہداری (پاس سسٹم) کے خاتمے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مقامی لوگ شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں، کیونکہ خوشی اور غم کے مواقع پر آمد و رفت کے لیے یہی راہداری ایک آسان ذریعہ تھا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور راہداری کو بحال رکھا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔


