ایرانی فوج کو شکست دیدی، مذاکرات کی ناکامی پر امریکا کے پاس کوئی متبادل منصوبہ نہیں، ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو واشنگٹن کے پاس کوئی متبادل منصوبہ (پلان بی) موجود نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود آج اسلام آباد میں ملاقات کر رہے ہیں تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی جاسکے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ناکام ہو جائیں یا تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے انکار کر دے تو کیا کوئی متبادل حکمتِ عملی موجود ہے؟ صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بیک اپ پلان کی ضرورت نہیں، ایران کی فوج شکست کھا چکی ہے، ہم نے سب کچھ مربوط کر دیا ہے، ان کے پاس بہت کم میزائل رہ گئے ہیں اور ان کی پیداواری صلاحیت بھی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ہماری فوج غیر معمولی ہے اور اس نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں