موساد کیلئے کام کرنے والے 35 افراد گرفتار، ملزمان اسلحہ اسمگلنگ اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، ایرانی انٹیلی جنس

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے 35 افراد کو گرفتار کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں ایران کے 6 صوبوں میں عمل میں آئیں۔ گرفتار کیے جانے والے افراد اسلحے کی ایران میں اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان کے انٹیلیجنس دفتر کے مطابق ایک دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر اسرائیلی حکومت سے وابستہ تھا اور صوبے کو علیحدہ کرنے کی سازش میں ملوث تھا۔ بیان کے مطابق گروہ نے خوزستان کے مختلف شہروں میں متعدد تخریبی کارروائیاں کیں، جن میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکے شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں خوزستان انٹیلیجنس ڈپارٹمنٹ کا ایک اہلکار اور ایک بسیج اہلکار مارے گئے جبکہ کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے مشترکہ آپریشن کے دوران ملزمان کو اصفہان میں شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں