آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو تحویل میں لے لیا، جانتے ہیں امریکی غنڈہ گردی سے کیسے نمٹنا ہے، ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں کارروائی کرتے ہوئے دو جہازوں کو اپنی تحویل میں لے کر ایرانی ساحل پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ اس سے قبل خطے میں جہازوں پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس اہم سمندری گزرگاہ میں امن و امان اور سیکورٹی کو متاثر کرنا ایران کے لیے ”ریڈ لائن“ کی حیثیت رکھتا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب اس پیشرفت سے قبل ایک جہاز پر ایرانی گن بوٹس کی جانب سے فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک جہاز کو عمان کے ساحل کے قریب حملے میں نقصان بھی پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تجارتی جہاز پر حملہ اور عملے کو یرغمال بنانا سیزفائر کی بڑی خلاف ورزی ہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جنگی عمل اور سیزفائر کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جانتا ہے کہ کیسے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جانتے ہیں کہ کیسے پابندیوں کو بے اثر اور غنڈہ گردی کے سامنے مزاحمت کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں