سرکاری محکموں میں حاضری یقینی بنانے کیلئے اسپیشل برانچ کو نگرانی کا اختیار دینے کی تیاری، روزانہ کی بنیاد پر افسران و عملے کی حاضری چیک ہوگی
کوئٹہ (یو این اے) صوبائی دارالحکومت میں حکومت بلوچستان نے سرکاری محکموں میں نظم و ضبط بہتر بنانے اور غیر حاضری کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایک اہم اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسپیشل برانچ پولیس کو تمام سول سرکاری محکموں کی حاضریوں کی نگرانی کا اختیار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ذرائع کے مطابق خبر رساں ادارے یو این اے کو بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے تحت صحت، تعلیم، بی اینڈ آر، میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، فشریز، زراعت سمیت دیگر تمام سول محکمے اس دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اداروں میں بڑھتی ہوئی غیر حاضری، سستی اور ناقص کارکردگی کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر مختلف محکموں کے دفاتر اور فیلڈ یونٹس کا دورہ کریں گے اور وہاں موجود افسران و عملے کی حاضری چیک کریں گے۔ اس عمل میں ایکسین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس)، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز (ڈی ڈی اوز)، سب ڈویژنل آفیسرز (ایس ڈی اوز)، فیلڈ افسران، فیلڈ سپروائزرز اور نچلے درجے کے ملازمین تک سب کو شامل کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ اسپیشل برانچ روزانہ کی بنیاد پر ایک جامع رپورٹ مرتب کرے گی جس میں ہر محکمے کی حاضری، غیر حاضری، تاخیر سے آنے والے ملازمین اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ شامل ہوگا۔ یہ رپورٹ براہ راست وزیراعلی بلوچستان کو پیش کی جائے گی، جس کی بنیاد پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی یا اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے ذرائع کے مطابق حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری دفاتر میں حاضری بہتر ہوگی بلکہ عوامی مسائل کے حل میں بھی تیزی آئے گی۔ خاص طور پر صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں اس فیصلے کے مثبت اثرات متوقع ہیں، جہاں عملے کی غیر حاضری ایک بڑا مسئلہ رہی ہے ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن آئندہ ایک سے دو روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اس فیصلے پر عملی طور پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گورننس کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس کے ذریعے سرکاری نظام میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو فروغ دیا جائے گا ۔


