بلوچستان میں آبی حیات کی اموات، پسنی کے ساحل پر نایاب نسل کی ڈولفن مردہ حالت میں برآمد، ماہرین ماحولیات کی تشویش

پسنی : پسنی کے نواحی علاقے گرانی کے ساحل پر انتہائی نایاب سمندری ممالیہ انڈو پیسیفک فن لیس پورپوائز (Indo Pacific Finless Porpoise) مردہ حالت میں پائی گئی۔ اورماڑہ سے تعلق رکھنے والے وائلڈ لائف ایکسپرٹ اور ماحولیاتی صحافی محمود سگار نے سائنسی مشاہدے کے بعد اس نایاب نسل کی باقاعدہ تصدیق کردی ہے۔ 15 مئی 2026 کو ساحل پر ملنے والے اس جاندار کو مقامی زبان میں ٹابی کہا جاتا ہے، جو عالمی سطح پر تحفظِ فطرت کی تنظیم (IUCN) کی ریڈ لسٹ میں خطرے سے دوچار قرار دی جاچکی ہے۔ محمود سگار نے گزشتہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مکران کی ساحلی پٹی ان نایاب جانداروں کا قدرتی مسکن ہے لیکن یہاں ان کی مسلسل اموات سمندری ماحولیات کے لیے تشویشناک ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سال 23 نومبر 2025 کو بھی اورماڑہ کے پدی زر ساحل پر اسی نسل کا ایک پورپوائز مردہ پایا گیا تھا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس نایاب جاندار کی موت کی وجہ غیر قانونی ماہی گیری، خاص طور پر ممنوعہ گل نیٹ (Gillnets) ہوسکتے ہیں جن میں پھنس کر یہ جاندار دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جانداروں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور اس تازہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں