خضدار، معذور افراد کی زمین پر قبضے کی مبینہ کوشش، مزاحمت پر تشدد، انجمن اتحاد معذوران نے احتجاجاً قومی شاہراہ بند کردی
خضدار (نمائندہ انتخاب) انجمن اتحاد معذوران کی زمین پر مبینہ قبضے اور معذور افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کیخلاف معذور افراد کا احتجاج مرکزی شاہراہ بند کردی، بعد ازاں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے معذور افراد کےلئے مختص زمین پر قبضے کی مبینہ کوشش اور مزاحمت پر معذور افراد پر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جس کیخلاف متاثرہ افراد نے سبزی منڈی ایریا میں احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا۔ واضح رہے کہ تقریباً بیس سال قبل حکومت کی جانب سے معذور افراد کو رہائشی کالونی کے قیام کے لیے ایک قطعہ اراضی الاٹ کیا گیا تھا، تاہم دو دہائیاں گزرنے کے باوجود مختلف انتظامی و قانونی پیچیدگیوں کے باعث وہ اس زمین پر تعمیرات شروع نہ کرسکے۔ حال ہی میں کمشنر قلات ڈویژن طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی خصوصی ہدایت پر معذور افراد کو اپنی زمین پر تعمیرات کی اجازت دی گئی، جس کے بعد وہ اپنی محدود استطاعت کے مطابق اپنے خوابوں کے آشیانے تعمیر کرنے میں مصروف ہوگئے تھے۔ بانی انجمن معذوران لعل جان لانگو اور عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان نامعلوم مگر بااثر عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور معذور افراد کو انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔


