وندر میں آبادی کے اندر خوفناک دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، مکان مکمل طور پر تباہ

وندر (یو این اے )وندر میں میراں پیر روڈ پر واقع ٹی سی ایف اسکول کے قریب ایک گھر کے اندر زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق، لاکھڑا کے رہائشی مالکِ مکان نصیر احمد خاصخیلی ایک دھاتی چیز کو عام لوہا سمجھ کر بغدے (تیز دھار آلے) سے تراش رہے تھے کہ اچانک وہ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ دھاتی چیز دراصل ایک گولہ تھا جو تراشنے کے دوران پھٹ گیا، جبکہ دوسری جانب اہلِ خانہ کا مقف ہے کہ گھر میں سلنڈر کا دھماکہ ہوا ہے۔دھماکہ اس قدر شدید اور خوفناک نوعیت کا تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مکان کی دیواریں گرنے اور دراڑیں پڑنے سے پورا گھر ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ واقعے کے نتیجے میں نصیر احمد خاصخیلی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی ضلع حب مرزا بلال حسین، اسسٹنٹ کمشنر وندر سیف علی مغل، ڈی ایس پی وندر محمد جان ساسولی، ایس ایچ او عبدالغفار شاہوانی اور کرائم سین انچارج تیمور لاسی پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔واقعے کے فورا بعد ریسکیو مر ک 1122 کی ایمرجنسی ٹیمیں اور جام محمد فانڈیشن کے رضاکار بھی وہاں پہنچ گئے اور فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، دھماکے کی شدت کی وجہ سے متوفی کا جسم بری طرح متاثر ہوا تھا۔ امدادی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد لاش کو فوری طور پر سرکاری ہسپتال منتقل کیا، جہاں تمام ضروری طبی و قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد مائت کو تدفین کے لیے غمزدہ ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں