ایران سے ممکنہ معاہدے کے بدلے سعودی عرب، قطر، پاکستان اور دیگر ممالک اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں، امریکی صدر
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بدلے مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر، پاکستان اور دیگر ممالک کو ابراہم معاہدوں میں شامل ہونا چاہیے، یہ اقدام خطے میں استحکام اور معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔ امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم جو پہلے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر سخت تنقید کر رہے تھے، اب انہوں نے ٹرمپ کی اس تجویز کو انتہائی شاندار قرار دیا ہے۔ اسرائیل نواز تجزیہ نگار مارک لیون نے بھی ٹرمپ کے اس مطالبے کی تعریف کی ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کی جانب سے ٹرمپ کے اس مطالبے پر فوری مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، سعودی عرب پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل سے مکمل تعلقات ممکن نہیں۔


