امریکا پر اعتماد کر نا حماقت ہے، حملہ کر کے پاکستان کی کوششوں پر پانی پھیر دیا، ایران حالت جنگ میں ہے مگر مہنگائی نہیں، حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، غفور حیدری
قلات (ویب ڈیسک) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی جزل سیکرٹری ایم این اے مولانا عبدالغفور حیدری نے قلات میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا جنگ بندی کے لیے اقدامات کیے وہ قابل ستائش ہیں۔ امریکا پر اعتماد کر نا حماقت ہے، امریکا نے حملہ کر کے پاکستان کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ میں نے ابھی چین اور سعودی عرب کا دورہ کیا کہیں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ ایران حالت جنگ میں ہے مگر مہنگائی نہیں ہے، ہمارے حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ بلوچستان کے حالات تباہی کی طرف جارہے ہیں، حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے۔ ہم نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے، اس حوالے سے ہم نے کراچی میں احتجاجی جلسہ کیا۔ مہنگائی کیخلاف 4 جون کو پشین میں ایک بڑا احتجاجی جلسہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہ کہا پاکستان کے تمام ملازمین کو یکساں طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں، ڈی آر آئے الاﺅنس بلوچستان کے ملازمین کا حق ہے۔ صوبائی حکومت اس حوالے سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، صوبائی حکومت بلا تاخیر ملازمین کو ڈی آر اے الاﺅنس دیگر صوبوں کے مطابق ادا کیا جائے۔آنے والی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔


