کوئٹہ میں 50 روپے کے معمولی تنازع پر جھگڑے کے دوران ایک شخص جاں بحق، دو زخمی، پولیس
کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ کے نواحی علاقے میں صرف 50 روپے کی رقم کے تنازع پر ہونے والے ہولناک جھگڑے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں واقع علاقے ریگی ناصران کلی مہترزئی میں اس وقت پیش آیا جب گندم تھریشر کے استعمال کے بعد حساب کتاب کے دوران دو فریقوں کے درمیان اچانک تلخ کلامی ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گندم پسائی کی مد میں ایک فریق نے 350 روپے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ دوسرا فریق 300 روپے ادا کرنے پر اصرار کرتا رہا۔ صرف 50 روپے کے اس معمولی اختلاف نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور بات گالی گلوچ سے بڑھ کر خونی جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی۔ پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران غصے میں آ کر ایک فریق نے دوسرے پر تیز دھار آلے سے وحشیانہ حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں شیر خان نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ شائستہ خان اور درمحمد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حکام کے مطابق اس خونی واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


