بلوچستان کو لائبریوں کی ضرورت

تحریر – سلطان برمش بلوچ
علم حاصل کرنا ہر مرد اور عورت پر فرض ہے، اسی طرح علم سکھانا اور اس کو فروغ دینا بھی بہترین اعمال میں سے ہے۔ لائبریریاں قائم کرنے اور علم کو فروغ دیے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی ہے۔ مراعات یافتہ افراد جو معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں، وہ علم کی قدر سے بخوبی واقف ہیں۔ معاشرے میں تاریکی کو روشنی میں تبدیل کرنے کا واحد ذریعہ علم سیکھنا اور اس کو فروغ دینا ہے۔ لائبریریاں علم کو فروغ دینے میں بہت بڑا اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

لائبریری ایک ایسی مقدس عمارت ہوتی ہے جس میں شعور یافتہ لوگ بیٹھ کر اپنی آنے والے نسل کی بہتری کے بارے میں سوچتے ہیں۔ لائبریری وہ مقدس عمارت ہے جس میں طالب علم اپنے روشن مستقبل کی تیاری کرتے ہیں۔ لائبریری شعور یافتہ نسل کی پیداوار کا سبب بنتی ہے۔ اس مقدس عمارت میں بیٹھ کر انسان اس فانی کے دنیا سے باغی ہو جاتا ہے اچھی اور پُرلطف کہانیوں میں گم ہو جاتا ہے۔ یہ ہمیں ہماری تاریخ کے بارے میں معلومات مہیا کرتی ہیں۔

لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ میری وابستگی اس مقدس عمارت سے بہت ہی کم رہی ہے۔ میری ہمیشہ سے یہ چاہ رہی ہے کہ میں اپنے فارغ اوقات میں اس مقدس عمارت میں بیٹھ کر اپنے علم کے پیاس کو بجھا سکوں۔ ایک مہذب اور ذہین معاشرے کا حصہ ہونے کی وجہ سے، تعلیمی حق کو بہترین انداز میں آگے بڑھانا ہمارا فرض ہے۔

آواران پاکستان میں سب سے زیادہ پسماندہ اور اس وقت جنگ سے متاثرہ علاقہ ہے۔ اس خوبصورت وادی میں آپ کو پڑھنے اور پڑھانے والے شوقین بہت ملیں گے۔

یہ سچ ہے کہ ہماری تربیت ایک جنگ زدہ ماحول میں ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود ہماری دوستی کتاب اور علم سے ہے۔ میں جب چھٹیاں گزارنے اپنے گاؤں مشکے جاتا ہوں تو وہاں ہر وقت اس مقدس عمارت کی کمی محسوس کرتا ہوں۔ پتہ نہیں کیوں ہمارے ڈپٹی کمشنر صاحب اور ہمارے ضلعی ایجوکیشن آفیسر صاحب کو یہ کمی محسوس نہیں ہوتی ہے!

میں جب بلوچستان کے دوسرے علاقوں میں لائبریوں کے قیام کی خبریں سنتا ہوں تو بہت خوشی ہوتی ہے اور سوچتا ہوں شاید ہمیں بھی یہ مقدس عمارت میسر ہوتی تاکہ ہم بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے۔ یہ ہمیشہ میرے لیے ایک خواب رہا ہے کہ میں اپنے علاقے مشکے اور بلوچستان کے دوسرے علاقوں میں لائبریریوں کے قیام میں اپنا حصہ ڈال سکوں اور معاشرے کے نوجوان ذہنوں کو تعلیم سے آگاہی کے ساتھ جوڑ سکوں۔

میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ آگے آئیں اور اس مقصد کو کامیاب بنانے میں سکندر بزنجو اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ معاشرے میں علمی ماحول بنانے میں مدد کریں جن کو ہمیشہ انکار کے غضب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کتابیں، اسٹیشنری اور ہر ممکن کام کے عطیہ کرنے کی شکل میں جو آپ اس اعلیٰ مقصد کے لیے کر سکتے ہیں، وہ کریں۔ بلوچستان کو توجہ کی ضرورت ہے۔

اس وقت بلوچستان بالخصوص آواران میں لائبریریوں کی سخت ضرورت ہے۔ حکمرانوں سے گزارش ہےکہ بلوچستان میں لائبریریوں کا قیام عمل لائیں تاکہ ہم بھی باقی دنیا کی طرح علم سے مستفید ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں