بلوچستان کے زمینداروں کے واجبات کا مستقل حل نکالینگے، میر کبیر محمدشہی
کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے زمینداروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عمر رسول نے بلوچستان کے زمینداروں کو بجلی کی 6 گھنٹے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام فیڈروں کو بجلی بحال کروادی ہے اور 15 روز بعد بلوچستان کے منتخب نمائندے، زمینداروں اور دیگر مسائل کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر واجبات کے حوالے سے مستقل حل نکالیں گے انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز بلوچستان میں زرعی فیڈروں کی بجلی کی بندش کے حوالے سے وفاقی وزیر عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عمر رسول سے ملاقات کی انہیں بلوچستان کی صورتحال اور زمینداروں کے حالات اور واقعات سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ بلوچستان کے زمینداروں کی فصلیں جس میں پھل، سبزیاں اور دیگر اجناس تیاری کے مراحل میں اس وقت انہیں پانی کی اشد ضرورت ہے اس لئے انہیں پانی کی فراہمی کے لئے بجلی بلا تعطل فراہم کی جائیں تو انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبائی حکومت اور زمیندار واجبات ادا نہیں کررہے اس لئے ہم بجلی نہیں دے سکتے جس کے حوالے سے میں نے انہیں ایک تجویز دی کہ ایک ماہ کے لئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ تمام فیڈر بحال ہوسکے اور زمیندار اپنے پھل اور سبزیوں کی کاشت کرسکیں اور ہم ایک مشترکہ میٹنگ بلا کر واجبات کی ادائیگی کے لئے بلوچستان کے نمائندے مل بیٹھ کر مسئلے کے حل کو یقینی بنائیں گے تاکہ واجبات کی ادائیگی کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جاسکے اور آئندہ 15 روز میں اس حوالے سے اجلاس منعقد کرکے بجلی کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سیکرٹری توانائی عمر رسول سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے وفاقی وزیر کی جانب سے لئے جانے والے اقدامات کی تائید کی ہے۔


