لاہور، مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی سمیت6افراد جاں بحق

لاہور:صوبائی دارالحکومت کے علاقہ ٹیکسالی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے ، ریسکیو 1122 نے 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق ٹیکسالی گیٹ ترنم سینما کے علاقے میں ہمسایوں کی بوسیدہ دیوارگرنے سے شہری جاویدکاایک منزلہ مکان زمین بوس ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ اور ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اورتین گھنٹے کے آپریشن کے بعدملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا گیا ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 60 سالہ جاوید،48 سالہ روبینہ،16 سالہ آمنہ،2 سالہ شجاعت،6 سالہ حسن اور 4 سالہ ضیغم شامل ہیں جبکہ4 افرادزخمی 16سالہ عتیقہ،15سالہ مہوش،7سالہ کنزہ اور3سالہ ایان زخمی ہیںجنہیں میو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔لواحقین کے مطابق ہمسائیوں کیمکان کی دیواربوسیدہ تھی،رات گھر میں سب سوئے ہوئے تھے کہ دیوار مکان کی چھت پر گری اور پورا مکان زمین بوس ہوگیا۔پولیس نے لاشوں کوضابطے کی کارروائی کے بعدلواحقین کے حوالے کردیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے چھت گرنے سے 6افراد کے جاں بحق اور 4افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں