بھارت: 86 سالہ خاتون کے ریپ نے لوگوں کے دل دہلا دیے
بھارت میں ہر سال ‘ریپ’ کے ہزاروں واقعات سامنے آتے ہیں تاہم 86 سالہ بزرگ خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے 86 سالہ عمر رسیدہ خاتون کو تشدد اور ریپ کا نشانہ بنانے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
دہلی کمیشن فار ویمن کی سربراہ سواتی مالیوال نے ‘بی بی سی’ کو بتایا کہ ‘بزرگ خاتون پیر کی شام کو دودھ والے کا اپنے گھر کے باہر انتظار کر رہی تھیں جب ان پر حملہ کیا گیا۔’
انہوں نے کہا کہ ‘حملہ آور نے انہیں بتایا کہ ان کا گوالا آج نہیں آئے گا اور انہیں دودھ کے لیے دوسرے مقام پر لے جانے کی کوشش کی۔’
خاتون نے اس شخص پر بھروسہ کرکے ملزم کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا جو انہیں قریبی کھیت لے گیا اور وہاں ریپ کا نشانہ بنایا۔
سواتی مالیوال نے کہا کہ ‘بزرگ خاتون روتے ہوئے حملہ آور سے کہتی رہیں کہ وہ ان کی دادی کی طرح ہیں، لیکن ملزم کو ذرا رحم نہ آیا اور اس نے خاتون کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔’
انہوں نے کہا کہ کھیت کے قریب سے گزرنے والوں کو متاثرہ خاتون کے رونے کی آواز آئی جس پر وہ وہاں پہنچے اور حملہ آور کو پولیس کے حوالے کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ منگل کے روز متاثرہ خاتون سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئیں جہاں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ان کا دل دہلا دیا۔
سربراہ دہلی کمیشن فار ویمن نے کہا کہ بزرگ خاتون کے ہاتھوں پر مکمل طور پر جھریاں تھیں، ان کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور وہ شدید صدمے سے دوچار تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ملزم کے خلاف کارروائی کو تیز کرنے اور اسے چھ ماہ کے اندر سزائے موت دینے کے لیے دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور شہر کے لیفٹننٹ گورنر کو خط لکھ رہی ہیں۔


