سوشل میڈیا پر کسی بھی شخص کی کردار کشی ہمارا وطیرہ نہیں ،احمد نواز بلوچ
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے صوبائی وزیر انڈسٹریز اور ان کے پی اے کے خلاف بی این پی کے جعلی لیٹر پیڈ کو استعمال کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی شخص کی کردار کشی ہمارا وطیرہ نہیں بلکہ اگر کسی بھی شخصیت یا ادارے سے متعلق ہمیں کوئی شکایت یا تحفظات ہونگے ہم متعلقہ فورم پر اس کا برملا اظہار کریں گے سوشل میڈیا پر کسی شخص کی زاتیات پر حملے ہماری جماعتی پالیسی نہیں۔ بی این پی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بعض سوشل میڈیا آوٹ لیٹس پر بی این پی کے نام کو منسوب کرکے صوبائی وزیر انڈسٹریز حاجی طور خان اتمانخیل اور ان کے پی اے پر الزامات لگائے گئے ہیں اور نیب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے بحیثیت ذمہ دار عہدے دار کے ہم نے پارٹی کی ہر سطح کی تنظیم سے جانچ پڑتال کی تاہم یہ حقیت سامنے آئی کہ اس سلسلے میں پارٹی کے کسی بھی عہدیدار یا کارکن نے ایسا نہیں کیا بلکہ بی این پی کا جعلی لیٹر پیڈ بنا کر صوبائی وزیر انڈسٹریز اور ان کے پی اے کے خلاف زہر افشانی کی گئی اس غیر اخلاقی عمل کا بی این پی سے کوئی تعلق نہیں بی این پی اخلاقی اقدار کی امین جماعت ہے اور ہماری پارٹی پالیسی میں نامعلوم طرز کا غیر اخلاقی پروپیگنڈہ نہیں بلکہ جس سے ہمیں تحفظات ہونگے ان کے خلاف متعلقہ فورم پر برملا اظہار کریں گے اور میڈیا پر اپنے نام کے ساتھ موقف جاری کریں گے میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ ہم اس طرح کی فیک آئی ڈیز کی شدید مذمت کرتے ہوئے سائبر کرائم سے ایسی اخلاق باختہ اور خلفشار پھیلانے والی آئی ڈیز کی تحقیقات اور اس کے ایڈمنز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں


