نیول چیف کا گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

گوادر :نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران نیول چیف نے کوسٹل ایریا میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور جذبے کو سراہا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے گوادر آمد پرامیرالبحر کا استقبال کیا۔اس موقع پرنیول چیف نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہناہے کہ میرینز ٹریننگ سینٹر پاکستانی اور دوست ممالک کے میرینز آفیسرز کو بنیادی تربیت اور ایڈوانس کورسز فراہم کرے گا۔

بعدازاں نیول چیف نے اورماڑہ دورے کے دوران 21ویں ائیر ڈیفنس بٹالین کے نئے انفراسٹرکچر کا افتتاح کیا۔

پاک بحریہ کا نیا ائیر ڈیفنس سیٹ اپ ساحلی تنصیبات کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم کرے گا۔

نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں