عمان کابحرین اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات بحال کا خیر مقدم

مسقط:سلطنت عمان نے اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات کے قیام کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔عمان کے سرکاری ٹی وی چینل نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر بتایا کہ سلطنت عمان، بحرین کی جانب سے اس بڑے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ عرب ممالک کی جانب سے اختیار کئے جانے والے اس تزویراتی اہمیت کے فیصلوں کی مدد سے خطے امن و آشتی پھیلے گی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی تسلط کے خاتمے اور فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔عمان نے امارات اور بحرین کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا ہے مگر اسرائیل کے ساتھ کسی معاہدے کے لئے اپنا لائحہ عمل بیان نہیں کیا۔یاد رہے کہ سنہ 2018 میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عمان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے عمانی حکمران سلطان قابوس سے مشرق وسطی میں امن کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ عمان اور اسرائیل کے باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے یہ دونوں ممالک انتہائی خوشگوار تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں