نوجوانوں نے منشیات کے عادی لوگوں کے ٹھکانے کو تعلیمی مرکز میں تبدیل کردیا، وڈ ھ میں لائبریری کا افتتاح
وڈھ(نمائندہ انتخاب)ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے وڈھ اسٹوڈنٹس لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ وڈھ اسٹوڈنٹ لائبریری کا قیام ایک تعلیمی سنگ میل ہے۔ لائبریری ٹیم مبارکباد کے مستحق ہے جنہوں نے ایک منشیات کے ٹھکانے کو تعلیم کا باب بنادیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وڈھ میںوڈھ اسٹوڈنٹس لائبریر ی کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وڈھ پبلک لائبریری سمیت دیگر پانچ لائبریریوں کا افتتاح کرکے اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں۔ اسٹودنٹس لائبریری وڈھ کی ٹیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے یہ کام کرکے دکھایا اور مزید آگے بھی جانا ہے۔ ہم اسٹوڈنٹس لائبریری میں ایک ملٹی پرپوز ہال کی تعمیر بھی کروائیں گے اور فرنیچرز کی فراہمی میں بھی مکمل تعاون کریں گے۔ٹیم نے ایک کھنڈرات جو کہ منشیات کے عادی لوگوںکا ٹھکانہ تھا کو ایک تعلیمی مرکز بناکر بہت اعلیٰ اور احسن کام سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میںبھی لائبریری میں پڑھ کرآگے آیا ہوں اس لئے لائبریری کی افادیت کو اچھی طرح سے سمجھتا ہوں ۔ یہ ایسا مرکز ہے جہاں طلباء کی کیریئر کونسلنگ کے ساتھ ساتھ دیگر رہنمائی ہوتی ہیں جس کیلئے تعلیم یافتہ طبقے کو لائبریری کیلئے وقت نکالنا ہوگا جو یہاں آکر یوتھ کی کیریئر کونسلنگ کرکے ان رہنمائی کریں۔ تقریب میں وڈھ کے تعلیم دوست لوگوں نے بھی شرکت کی۔


