حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں بلوچستان کے جیالے فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ،علی مدد جتک
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی ہے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں بلوچستان کے جیالے فیصلہ کن کردار ادا کریں گے, پارٹی کارکن ہر قسم کے احتجاج اور دھرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو شروع کریں,پارٹی کے ڈویڑنل تنظیمیں بلوچستان بھر میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پا کستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک کی زیر صدارت پی پی پی نصیر آباد ڈویژن اور سبی ڈویڑن کے ڈویژنل عہدیداروں اور ان سے منسلک اضلاع کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام حکومت مخالف تحریک پر اہم مشاورت کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ ملک وقوم کے لئے لازوال قربانیاں دیں،اے پی سی کے انعقاد اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت کا کریڈٹ بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے موجودہ حکومت اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف اپوزیشن کا اتحاد بن چکا ہے ہماری منزل پاکستان کو نااہلوں اور مسلط کردہ حکمرانوں سے نجات دلانا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اس وقت پورے ملک کے اندر افراتفری کا ماحول ہے اور پارٹی نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے بلوچستان کے جیالے حکومت مخالف تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے کارکن احتجاج اوردھرنے کی بھرپور تیاریاں کریں اورعوام سے قریبی رابطہ رکھیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال اورمنظم کرنے کے لئے کارکنان اپنا بھر پور کردار ادا کریں، اجلاس میں نصیر آباد ڈویژن کے قائم مقام صدر میر بلال عمرانی ،جنرل سیکرٹری آغا گل،سیکرٹری اطلاعات خالد حسین دھرپالی نے نصیر آباد ڈویژن کے کابینہ اور ڈویڑن سے منسلک اضلاع کے کابینوں کے ہمراہ شرکت کی،اجلاس میں سبی ڈویژن کے صدر میر موسم خان بگٹی،سیکرٹری اطلاعات میر ریحان بگٹی نے سبی ڈویژن کے کابینہ اور ڈویڑن سے منسلک اضلاع کے عہدیداروں کے ہمراہ شریک تھے۔