ن لیگ کے باغی ارکان کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا
حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ پنجاب اسمبلی نے اپنی پارٹی کے باغی رکن مولانا غیاث الدین کو ایوان سے نکال دیا۔
گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا جب کہ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین بھی شامل تھے۔
اس کے بعد آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مولانا غیاث الدین کو مسلم لیگ ن کے اراکان نے ایوان سے نکال دیا۔مسلم لیگ ن کے چیف وہپ خلیل طاہر سندھو نے مولانا غیاث الدین کو ایوان میں بیٹھنے سے روک دیا۔
اس کے علاوہ لیگی ارکان اسمبلی نے ایک اور باغی رکن فیصل خان نیازی کو بھی روکا اور استعفے کا مطالبہ کیا— فوٹو: اسکرین گریب
اس دوران لیگی ارکان نے باغی ارکان سے فوری طور پر نشستوں سے استعفے دینے کا مطالبہ کیا جس کے بعد مولانا غیاث الدین ایوان سے باہر چلے گئے۔
اس کے علاوہ لیگی ارکان اسمبلی نے ایک اور باغی رکن فیصل خان نیازی کو بھی روکا اور استعفے کا مطالبہ کیا۔
لیگی ارکان کی جانب سے باغی ارکان کو روکنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔


