حنیف چمروک کا قتل ڈنک،دازان اور دیگر واقعات کا تسلسل ہے،آل پارٹیز کیچ

تربت (نمائندہ انتخاب ) آل پارٹیز کیچ کا اجلاس کنوینر خالد ولید سیفی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں امن وامان کے ایجنڈے پر گفتگوہوئی،کیچ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور جرائم کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے کہاکہ تربت میں ایک منصوبہ بندی کے تحت پے درپے بدامنی کے واقعات رونماء ہورہے ہیں جبکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وامان کی بحالی میں مکمل طورپر ناکام ہیں،انہوں نے کہاکہ ایک منصوبہ بندی کے ذریعے کیچ کے ماحول کو خراب کرکے یہاں مختلف جرائم پیشہ عناصر اور گروہوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جو جب چاہیں کسی باعزت اور پرامن شہری کو ماریں یا ان کی عزت کومجروح کریں،انہوں نے کہاکہ تربت کے ایک حساس علاقے میں اسلحہ بردار چوروں کا رات کی تاریکی میں ایک باعزت شہری کے گھر گھسنا اور ان کے گھر کا صفایا کرنا اور آسانی سے فرار ہونا جبکہ سنگانی سرمیں حنیف چمروک کو قتل کرکے آسانی کے ساتھ فرار ہونا انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کیلئے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے جو امن وامان کے قیام میں مکمل طورپر ناکام نظرآتے ہیں ،آل پارٹیز رہنماؤں نے کہاکہ یہ واقعہ بھی گزشتہ واقعات سانحہ ڈنک،سانحہ دازن تمپ اور تربت میں دیگر ہونے والے واقعات کا تسلسل ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نام پر شہر میں مختلف جرائم پیشہ عناصر اور گروہ سرگرم ہیں جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ان کے سامنے بے بس نظر آتی ہے اگر ملزمان کو اسی طرح کھلی چھوٹ دی گئی تو آل پارٹیز کیچ سخت لائحہ عمل طے کرکے خاموش نہیں بیٹھے گی ،کیچ کو لاوارث سمجھ کر چند عناصر کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے ،قانون نافذکرنے والے ادارے اپنانام استعمال کرنے والوں کے خلاف اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر ذمہ دار اداروں کے نام پر یہ ان کے لیے بہت بڑ سوالیہ نشان ہے،انہوں نے مزیدکہاکہ جب سے سلیکٹڈ حکمرانوں کو اقتدار پر مسلط کیاگیاہے انہوں نے تربت کو چوروں اور جرائم پیشہ عنا صر کو کھلی چھوٹ دی ہے اسی لیے وہ جب چاہیں آسانی سے جرائم کرکے فرار ہوجاتے ہیں، اس وقت کسی کی جان ومال اور عزت محفوظ نہیں،انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کہاہے کہ مسلح گروہوں کا خاتمہ کیا جائے ایک مرتبہ پھر ہمارا مطالبہ ہے کہ تربت شہر میں سرکاری اداروں کے علاوہ کسی گروہ کے پاس اسلحہ نہ ہوں اور مسلح گروہوں کا فوراً خاتمہ کیاجائے تاکہ شہرمیں امن وامان قائم ہوسکے،اجلاس میں آل پارٹیز میں شامل تمام جماعتوں اور تنظیم کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں