بی این پی کی جانب سے ہزارگنجی میں سبزی منڈی میں لینڈ مافیا کے خلاف اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع
کوئٹہ:پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین و بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو نے پرانی سبزی منڈی میں لینڈ مافیا کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا۔ گزشتہ روز بی این پی کے رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو نے کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی میں پرانی سبزی منڈی میں لینڈ مافیا کے خلاف صوبائی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا۔ اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام کئی ایکڑ پر محیط سابقہ سبزی منڈی کی جگہ پر کچھ نام نہاد بروکرز اور انویسٹرز کے ذریعے پلازہ بنانے کا ارادہ ہے بلکہ اس سلسلے میں کیوڈی اے کی کورننگ باڈی سے بھی اجازت لی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی توسط سے پہلے ہی نام نہاد سرمایہ کاروں کے ساتھ معاملات طے کرلیئے گئے ہیں اور اس سارے مبینہ منصوبے کو لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ اور قابل فہم ظاہر کرکے ایک اہم ادارے کو اس پروجیکٹ میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں تاکہ اس مبینہ خفیہ ڈیل کو بعدازاں تحفظ دیا جاسکے ۔


