لورالائی انصاف پینل اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب، احتجاجی کیمپ ختم

کوئٹہ : لورالائی سے کوئٹہ تک اپنے مطالبات کے حق میں لانگ مارچ کے شرکاء اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، صوبائی وزراء نور محمد دمڑ اور حاجی مٹھا خان کاکڑ، وزیراعلیٰ کے کوارڈنیٹر بلال خان کاکڑ پر مشتمل وفد کے ہمراہ کیمپ کے شرکاء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پی ایچ ای اور واسا نور محمد دمڑ نے کہاکہ آج انصاف پینل لورالائی کے نمائندوں اور حکومتی مذاکراتی کے درمیان وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر کمشنرآفس کوئٹہ میں مذاکرات ہوئے، کیمپ کے شرکاء کے مطالبات کے حل کے لئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو روزانہ کی بنیاد پر ان مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزراء اورمتعلقہ محکموں سے رابطے جاری رکھیں گے۔ کمیٹی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے شبیر احمدمینگل، کمشنر کوئٹہ اسفند یار کاکڑاور کیمپ کے قائدین اسفندیار اور پیر محمد کاکڑ پر مشتمل ہے۔حکومت کو بھی عوامی کو درپیش مسائل کا احساس ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی سطح کے مسائل کو خود حل کریں گے جبکہ وفاق سطح کے مسائل کے حل کے لئے قرار داد لاکر سفارشات کی شکل میں انہیں وفاقی حکومت کے سامنے پیش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ لورالائی کے عوام نے لورالائی سے لے کر کوئٹہ تک 8دن تک لانگ مارچ کیا جو کہ زندہ قوم اور معاشر ے کی واضح دلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ لورالائی کے عوام نے جن مسائل کو اجاگر کیا وہ کسی قوم یا قبیلے کے فائدے کے لئے نہیں بلکہ پورے پشتون بیلٹ اور بلوچستان کے مفاد میں ہیں۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ مٹھاخان کاکڑ نے کہا کہ انصاف پینل لورالائی کے شرکاء کے تمام مطالبات برحق اور جائز ہیں جن کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ لورالائی کی عوام نے جس انداز سے لانگ مارچ کیا وہ زندہ معاشرے کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے کوآرڈنیٹر بلال کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہی کوشش رہی ہے کہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں۔اس موقع پر انصاف پینل لورالائی کے چیئرمین اسفند یار کاکڑ نے کہا کہ ابھی تک وہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے مطمئن ہے اگر ایک ہفتے کے دوران مطالبات کے حل میں پیش رفت نہیں ہوئی تو دوبارہ گاڑیوں میں آکر ریڈ زون میں احتجاج شروع کرنے پر مجبو رہوں گے۔ بعد ازاں صوبائی وزراء کی یقین دہانی پر انصاف پینل لورالائی کے شرکاء نے احتجاج کیمپ ختم کرنے اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں