صوبے کے ساحل وسائل بلوچ قوم کی ملکیت ہے،بی این پی
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا کوئٹہ میں منعقدہ جلسہ نئی تاریخ رقم کریگا،اپوزیشن اتحاد نے پیرا شوٹ کے ذریعے اقتدار تک رسائی حاصل کرنے والوں کی صفوں میں کھلبلی مچادی ہے۔پارٹی نے انفرادی جدوجہد کی بجائے اپنا حصہ پی ڈی ایم کی اجتماعی جدوجہد میں ڈالا ہے جس سے ہم اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کرترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرسکیں گے، کارکن اور عوام 25 اکتوبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سابق نائب ناظم حاجی میر ولی محمد لہڑی، بی این پی کوئٹہ کے نائب صدر ملک محی الدین لہڑی،اقبال بلوچ،سراج احمد لہڑی، رضاء جان شاہی زئی ودیگر نے کلی نیک محمدسریاب روڈ پر پارٹی کے یونٹ سیکرٹریز، ڈپٹی یونٹ سیکرٹریز اور ضلعی کونسلران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں سیاست دان ایجاد کرنے کی بجائے ملک میں سیاسی عمل کو پنپنے دیا جاتاتو آج عوام پسماندگی، غربت،پریشانی کا شکار اور دہشتگردی کے خوف میں مبتلا نہ ہوتے انتخابات میں جعل سازی،جعلی نعروں اور دعوؤں کے سہارے ملکی نظام کو مزید مصنوعی طریقے سے نہیں چلایا جاسکتاملکی استحکام اور سلامتی کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہوگا۔رہنماؤں نے جزائر پر قبضہ کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے جزائز کو غیر آئینی طور پر اپنی ملکیت بنانے کے حکومتی آرڈیننس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا صوبے کے ساھل وسائل بلوچ قوم کی ملکیت ہے جس سے کسی صورت دستبرار نہیں ہوں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے انفرادی جدوجہد کی بجائے اپنا حصہ پی ڈی ایم کی اجتماعی جدوجہد میں ڈالا ہے جس سے ہم اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کرترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرسکیں گے پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے ہر فلو ر پر بحیثیت بلوچستانی بلوچستا ن کی بات کی ہے بلوچستان میں ہونے والے مظالم اورزیادتیوں کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی نے کبھی مصلحت پسندی اختیار نہیں کی عوام 25اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسہ عام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں جلسے سے پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل و پی ڈی ایم کے دیگر قائدین تاریخی خطاب کریں گے اور مہنگائی‘ بے روزگاری‘ عوام کے استحصال کیخلاف جلسہ سنگ میل ثابت ہوگا۔ رہنماؤں نے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ 25 تاریخ کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد میں مزید تیزی لائیں جلسہ نئی تاریخ رقم کریگا۔


