نگورنو کاراباخ تنازعہ: تیسرے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع
امریکا کی ثالثی میں تیسری مرتبہ جنگ بندی شروع ہو چکی ہے۔ اس سے قبل روس کی ثالثی میں ايسی دو کوششیں ناکام رہی تھیں جبکہ آرمینیا اور آذربائیجان دونوں نے ایک دوسرے پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے ہيں۔
امریکاکی ثالثی میں آرمینیا اور آذربائیجان نے متنازعہ نگورنو کارباخ تنازعے کے حل کے ليے جنگ بندی کا اعلان کر ديا ہے، جو دونوں ملکوں کے درمیان مقامی وقت کے مطابق آج صبح آٹھ بجے (0400 جی ایم ٹی) سے نافذ ہے۔
امریکا کا کہنا ہے کہ نگورنو کاراباخ کے تنازعے پر آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نئی جنگ بندی پر آج پیر سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ، آرمینیا اور آذربائیجان کی حکومتوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
رواں مہینے روس کی ثالثی میں آرمینیا اور آذربائیجان نے دو مرتبہ جنگ بندی کے معاہدے طے کیے لیکن وہ ناکام ثابت ہوئے جس کے لیے دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے۔
نئی جنگ بندی معاہدے کے بعد تینوں ملکوں کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمینیا کے وزیر خارجہ زوہراب ناٹساکانیان اور ان کے آذری ہم منصب جیہن بائیراموو کی امریکی نائب وزیر خارجہ اسٹیفن بیگن کے ساتھ تفصیلی بات چيت کے بعد جنگ بندی پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔


