چیف جسٹس قلات میں بچے کے قتل کا از خود نوٹس لیں، شکیلہ نوید دہوار
بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے قلات میں پانچ سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان واقعہ کااز خود نوٹس لیںاوربلوچستان میں تسلسل کیساتھ ہونے والے دلخراش واقعات کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے سول ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی کوئی قدر نہیں انسانی حقوق کی پامالیوںکی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی نہ ہونے کے باعث تسلسل سے دلخراش سانحات رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزئی اڈہ اور لسبیلہ میں پیش آنیوالے واقعات پر حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی تو قلات کاسانحہ رونما نہ ہوتا تاہم حکومت اپنی توانائی عوام کے بنیادی انسانی حقوق غصب کرنے پر صرف کررہی ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے قلات میں پانچ سالہ بچے کے اغواءاور جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ میں ملوث مردہ ضمیر انسانوں کو عبرتناک سزا دی جائے


