سی پیک کی کامیابی گوادر پورٹ کی فعالی پر منحصر ہے، شیر علی ارباب

اسلام آ باد : پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین شیر علی ارباب نے کہا ہے کہ گوادر سی پیک کا سب سے اہم حصہ ہے، سی پیک کی کامیابی گوادر پورٹ کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر منحصر ہے، سی پیک کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے نام پر گوادر کے عوام کے حقوق کی پامالی نہیں ہونی چاہیے۔ جمعرات کو سی پیک کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی شیر علی ارباب کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی کو وزارت منصوبہ بندی و ترقی، گوادر پورٹ اتھارٹی اور دیگر وزارتوں اور محکموں کے حکام نے گوادر میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ،واٹر پلانٹ،300میگاواٹ پاور پلانٹ،پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال،ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ،ایسٹ بے ایکسپریس وے،سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان اور مجوزہ ناؤکنڈی۔مشکیل۔پنجگور روڈ کے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گوادر سی پیک کا سب سے اہم حصہ ہے، سی پیک کی کامیابی گوادر کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر منحصر ہے اس لئے یہ ضروری ہے کہ گوادر میں انفراسٹرکچر،واٹر،صحت،توانائی اور سیکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے منصوبوں کو جلد ازجلد اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے۔کمیٹی چیئرمین نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے نام پر گوادر کے عوام کے حقوق مت پامال کئے جائیں۔انہوں نے گوادرڈولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ گوادر میں ڈیسیلینیشن واٹر پلانٹ فعال کیا جائے تا کہ اس پر کئے گئے اخراجات ضائع نہ ہوں۔ چیئرمین کمیٹی شیر علی ارباب نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں میں مؤثر رابطے پر زوردیا اور کہا سی پیک کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوگا جب تک ہم سب اپنی بھرپور کوششیں نہیں کریں گے۔(وخ)

اپنا تبصرہ بھیجیں