قومی کفایت شعاری اقدامات پر تاجر تنظیموں سے مفاہمت کے بعد حکومت بلوچستان نے نظر ثانی شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا
کوئٹہ (ویب ڈیسک) تاجر تنظیموں اور حکومت بلوچستان کے مابین قومی کفایت شعاری اقدامات پر اتفاق کے بعد محکمہ داخلہ کی جانب سے نظر ثانی شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات حکومت بلوچستان اور تاجر تنظیموں کے مابین قومی کفایت شعاری اقدامات پر مفاہمت کے بعد محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے مارکیٹوں، شادی ہالوں اور ریستورانوں کے اوقات کار سے متعلق نظر ثانی شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات کے مطابق توانائی کے موثر استعمال اور ایندھن کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ سینٹرز، عوامی پارکس اور تفریحی مقامات رات 8 بجے بند کیے جائیں گے۔ تاہم عوامی سہولت کے پیش نظر فارمیسیاں، ہوم ڈیلیوری سروسز اور تندور اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز، بینکوئٹ ہالز، ریستورانز اور دیگر تقریبات رات 10 بجے تک جاری رہ سکیں گی جبکہ کوئٹہ شہر کے لیے یہ وقت رات 11 بجے مقرر کیا گیا ہے محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی حکام کے مطابق یہ اقدامات قومی سطح پر کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیے گئے ہیں جن کا مقصد توانائی کے استعمال میں توازن اور عوامی وسائل کے مو¿ثر تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔


