عالمی عدالت کی جانب سے جنگی جرائم کی فردجرم کے بعد کوسووو کے صدر مستعفی

ہاشم تھاچی 1988 سے 1998 تک سربیا سے جنگ آزادی کے دوران کوسووو کے حریت رہنما رہ چکے ہیں.
کوسووو کے صدر نے دی ہیگ میں قائم خصوصی عدالت کی جانب سے سربیا سے جنگ کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب کی فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوب مشرقی یورپی مسلم ملک کوسووو کے صدر ہاشم تھاچی عہدہ صدارت سے مستعفی ہوگئے ہیں تاکہ دی ہیگ کی جنگی جرائم کی خصوصی عدالت میں پیش ہوسکیں۔
خیال رہے کہ دی ہیگ کی جنگی جرائم کے خصوصی ٹریبونل نے رواں سال جون میں 1990 کی دہائی کے دوران سربیا سے جنگِ آزادی کے دوران ہاشم تھاچی پر جنگی جرائم کی فرد جرم عائد کی تھی۔
کوسوو میں اپوزیشن رکن اسمبلی کی گرفتاری پر احتجاج،10 افراد زخمی
ہاشم تھاچی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کی خود مختاری،کوسووو کے صدارتی عہدے اور قومی وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مستعفی ہورہے ہیں تاکہ عالمی عدالت میں کوسووو کے صدر کی حیثیت سے پیش نہ ہوں۔
خیال رہےکہ ہاشم تھاچی 1988 سے 1998 تک سربیا سے جنگ آزادی کے دوران کوسووو کے حریت رہنما رہ چکے ہیں، اس دوران 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک اورمتعدد لاپتہ ہوئے تھے جن کے الزام میں دیگر افراد سمیت ہاشم تھاچی پر بھی مقدمہ چلایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کوسووو نے 2008 میں سربیا سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آزاد ریاست کا اعلان کیا تھا تاہم سربیا نے اسے اب تک قبول نہیں کیا ہے تاہم بیشتر یورپی ممالک سمیت 100 کے قریب ملک کوسووو کو آزاد ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں