یورپی ممالک میں اسلاموفوبیا کا بڑھتا رجحان، پاکستان اور ایران کا تشویش کا اظہار
اسلام آباد:پاکستان اور ایران نے بعض یورپی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہین آمیز رویہ کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بدھ کو ان کے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر جواد ظریف نے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین بہتر بارڈر مینجمنٹ، دو طرفہ روابط کے فروغ اور زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے دیرینہ، تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایران میں کرونا وبا کے باعث ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایرانی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور ایران دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، سیکورٹی و دیگر باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے علاقائی و دیگر اہم فورمز سے مستفید ہو سکتے ہیں۔


