بھارت، زمین سے فضا میں فائر کرنے والے میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ
نئی دہلی : بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، زمین سے فضا میں فائر کرنے والے نئے مڈ رینج میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کوئیک ری ایکشن سرفیس ٹو ایئر میزائل نامی سسٹم کے ذریعے بنا پائلٹ کے طیارے کو تباہ کر کے بھارت نے جنگی مڈ رینج حملہ کرنے والے اینٹی ایئر کرافٹ میں نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ کیو آر ایس اے ایم نامی اس اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کے ذریعے چندی پور سے اڑیسہ کوسٹ تک میزائل فائر کیا، میزائل کے ذریعے بنا پائلٹ کے جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سسٹم کے ذریعے میزائل کو ایک موبائل ریموٹ لانچر کے ذریعے بھی فائر کیا جا سکے گا۔ کیو آر ایس اے ایم سسٹم الیکٹرونک ڈیوائسز کے ذریعے چلنے والا سسٹم ہے جس میں بیٹری سے چلنے والے ریڈار اور ریموٹ لانچر استعمال ہوئے ہیں اور پہلے تجربے میں ان سے چیزوں کا جائزہ لیا گیا ہے، بھارتی اسلحے میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے اس میزائل سسٹم کو اہم کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ میزائل تجربے کی کامیابی کے بعد بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سائنسدانوں کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد دی۔#/s#


