کبھی بھی عسکری حل کا قائل نہیں رہا،عمران خان

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کبھی بھی عسکری حل کا قائل نہیں رہا،ہمیشہ سے میرا ایمان رہا ہے کہ افغانستان میں امن سیاسی گفت و شنید ہی سے حاصل ہوگا۔ جمعہ کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ کابل کا میرا دورہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان کے عزمِ صمیم کے اظہار کی جانب ایک اور قدم ہے، میں کبھی بھی (تنازعات کے) عسکری حل کا قائل نہیں رہا چنانچہ ہمیشہ سے میرا ایمان رہا ہے کہ افغانستان میں امن سیاسی گفت و شنید ہی سے حاصل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اہل افغانستان کے بعد اس امن میں سب سے بڑا حصہ ہمارا ہے کیونکہ اس سے باہمی روابط و تجارت کے دروازے کھلیں گے اور خوشحالی دونوں ممالک (افغانستان و پاکستان) کا رخ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ امن و تجارت کے ثمرات بطور خاص ہمارے قبائلی عوام تک پہنچیں گے جنہوں نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کا بارِگراں اٹھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں