فٹ بالرز کی بیویاں ‘خفیہ راز’ دوسروں کو بتانے کا معاملہ عدالت لے گئیں
انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑیوں 33 سالہ جیمی واردے اور 35 سالہ وائنی رونے کی بیویاں ایک دوسرے پر’خفیہ راز’ دوسروں کو بتانے کا معاملہ عدالت لے گئیں۔
دونوں فٹ بالرز کی بیویوں نے ایک دوسرے پر پہلی بار اکتوبر 2019 میں ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر الزامات لگائے تھے۔اکتوبر 2019 میں سب سے پہلے وائنی رونے کی بیوی 34 سالہ کلین رونے نے دوسرے فٹ بالر جیمی واردے کی اہلیہ ربیکا واردے پر الزامات لگائے تھے۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ فٹ بالر جیمی واردے کی بیوی ربیکا واردے ان کے راز معروف برطانوی اخبار ’دی سن‘ کو پیسوں کے عوض فروخت کرتی رہی۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ ربیکا واردے نے ان کے انتہائی خفیہ اور اہم رازوں کو بھی ’دی سن‘ کو فروخت کیا اور اخبار والے ان کی نجی زندگی پر مصالحہ دار خبریں شائع کرتے رہے۔
فٹ بالر کی بیوی نے لکھا تھا کہ وہ اپنے خفیہ راز میڈیا میں آنے پر پریشان رہیں اور انہیں سمجھ نہیں آر رہا تھا کہ یہ سب کیسے ہو رہا ہے، کیوں کہ وہ ان رازوں سے متعلق صرف اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ذکر کرتی تھیں۔
کلین رونے نے لکھا تھا کہ انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنے تمام انسٹاگرام فالوورز کو انسٹاگرام اسٹوری میں بلاک کردیا، تاہم انہوں نے ربیکا واردے کو بلاک نہیں کیا۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ جب انہوں سب فالوؤرز کو بلاک کیا تو انہوں نے انسٹاگرام پر جھوٹی معلومات دینا شروع کی جو صرف اور صرف ربیکا واردے دیکھتی تھیں، جس کے بعد اسی معلومات پر ’دی سن‘ اخبار میں خبر شائع ہوتی تھی۔
ان کے الزامات پر ربیکا واردے نے نے بھی ٹوئٹ کی تھی اوران کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ متعدد بار ہیک ہوا۔


