شہبازشریف،حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد

لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر 27نومبر سے پانچ روز کے لئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی۔ مسلم لیگ(ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو دی گئی تحریری درخواست میں موقف اپنایا گیاہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں جبکہ حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔ ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے آنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے۔ درخواست ہے اس میں مزید اضافہ کیاجائے۔درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پہلے ہی انسانی ہمدردی میں معمول سے زیادہ دنوں کے لئے پیرول دیا۔سیاسی گپ شپ اور کاروباری معاملات چلانے کے لئے پیرول میں توسیع نہیں ملے گی۔ماں کی میت کی صف پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائیگی،شہبازشریف کو یہ درخواست دینی ہی نہیں چاہیے تھی،پنجاب حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں