آمدن سے زائد اثاثوں جات کیس میں مولاناکو10دسمبرکوطلب کیاگیا‘نیب کو مانتاہی نہیں نوٹس کی کیاحیثیت ہے‘قائد پی ڈی ایم
پشاور+لاہور (انتخاب نیوز)نیب نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو 10دسمبرکو طلب کرلیا نیب کے جاری کردہ نوٹس میں کہاگیاہے کہ مولانا فضل الرحمن آمدن سے زیادہ اثاثہ جات کیس میں 10دسمبر کو نیب خیبرپختوانخوہ کے دفتر میں پیش ہوں دوسری جانب چیئرمین نیب نے آمدن سے زیادہ اثاثوں کے کیس میں ن لیگ پنجاب کے صدر راناثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کردئیے اس ضمن میں بتایاگیاہے کہ رانا ثناء خلاف 9نومبرکو وارنٹ گرفتاری تیارکئے گئے تھے خیال رہے کہ وہ آمدن سے زیادہ اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام (ف) اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ جب ہم نیب جیسے احتسابی ادارے کو تسلیم ہی نہیں کرتے تو اس کے نوٹس کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تو ایسے احتسابی ادارے کو تسلیم ہی نہیں کرتے کیونکہ یہ تو خود رشوت کدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں اور قریبی رفقاء کو نیب کے نوٹس کردار کشی کی روایتی مہم ہے، نیب کے نوٹس کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ہے، ایسے نفسیاتی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں، انشاء اللہ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے۔سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوری آزادیوں کا تحفظ کرنا سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے اور دنیا کی کوئی قوت ہمیں اس مشن سے روک نہیں سکتی۔


