نواز شریف کو سزا سنانے والے سابق جج کی وفات پر مریم کا ردعمل سامنے آگیا

لاہور:اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی وفات پر مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا، جس میں ان کاکہناہے کہ اللہ نے ارشد ملک کو توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کر گئے، یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، اللہ ارشد ملک کی بخشش فرمائے۔جمعہ کو مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سابق جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کر گئے۔مریم کا کہنا تھا کہ سابق جج بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل اور استعمال کیا۔انہوں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ارشد ملک کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔مریم کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے کیونکہ اللہ ظالم کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کا نظام ہے، ظالم برباد ہو کر رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں