2200وینٹی لیٹرز موجود ہیں لیکن50 فیصد بھی فعال نہیں، چیئرمین این ڈی ایم اہے

اسلام آباد:چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس 2200 وینٹی لیٹرز موجود ہیں لیکن آپریشنل حالت میں 50 فیصد بھی نہیں ہیں، کل سے ماسک اور دیگر سامان آنا شروع ہوجائے گا۔سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں 2200 وینٹی لیٹرز موجود ہیں لیکن اگر ان کی ضرورت پڑی تو ہمارے پاس آپریشنل حالت میں 50 فیصد بھی میسر نہیں ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے چین کے علاوہ پوری دنیا سے ہمیں کچھ نہیں مل رہا، روزانہ تین سے چار دفعہ چینی سفیر کو کال کرتا ہوں تو تب جا کر ہمیں راستہ مل رہا ہے کہ وہ اپنی فیکٹریوں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر سامان مہیا کیا جائے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ کل سے ایک ملین ماسک آنا شروع ہوجائیں گے، جس میں 50 ہزار این 95 ماسک بھی ہوں گے، پرسوں 30 ہزار کے قریب ڈاکٹرز کیلئے اشیا آئیں گی، لاہور کی ایک فیکٹری کیلئے کپڑا بھی آرہا ہے، 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس بھی آجائیں گی۔ ہماری ایک فلائٹ ووہان جائے گی جہاں سے 16 سے 17 وینٹی لیٹرز اور دیگر سامان آئے گا۔جمعہ کو ایک فلائٹ بیجنگ یا چینگ ڈو جائے گی جہاں سے مزید سامان آئے گا۔ ہفتے کو 12 ٹن کے قریب سنکیانگ سے ایک جہاز سامان لے کر آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں