منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو دی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت، سیٹلائٹ امیجز کیلئے سپارکو سے بھی رابطہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز + ایجنسیز) وزیراعظم عمران خان نے اپنے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے مشاورت کے بعد بلین ٹری منصوبے کی ڈرون ویڈیو اور مستند تصاویر کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر ین کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے درمیان مشاورت کی گئی جس کے بعد وزیراعظم نے منصوبے کی تمام تفصیلات عدالت کو دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم اور معاون خصوصی کی ملاقات میں بلین ٹری منصوبے کی ڈرون ویڈیوز اور مستند تصاویر کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی حکومت نے عدالتی احکامات پر تمام صوبوں سے ڈیٹا طلب کرلیا اور سیٹلائیٹ امیجز کے لیے سپارکو سے بھی رابطہ کیا گیا۔حکومت نے سپارکو سے بلین ٹری منصوبے کی سیٹلائیٹ امیجز فراہم کرنے کی درخواست کردی ہے۔ذرائع کے مطابق 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان خان کمیٹی کے چیئرمین مقررکیے گئے ہیں، وزارت کی 10 رکنی کمیٹی سپریم کورٹ کو جواب جمع کرائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا نوٹس لیا تھا اور منصوبے کی تمام تفصیلات طلب کی تھیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا کہ بلین ٹری وفاقی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، منصوبے میں مکمل شفافیت کے پہلو کو روز اول سے مقدم رکھا گیا۔انھوں نے کہا یہ منصوبہ وزیر اعظم کے میرٹ اور شفافیت کے وژن کے مطابق جاری ہے۔


